Most ranking news of the day Urdu News - Today's Latest Urdu News from Pakistan

 Urdu News - Today's Latest Urdu News from Pakistan

02 February 2023

Latest Urdu News from Pakistan and the world. Stay up to date with the latest happenings from around the world on UrduPoint. Breaking Urdu News gets updated round the clock by a professional team of journalists and reporters from around the world.


شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا

بھتیجے شیخ راشد شفیق نے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کی گرفتاری کی تصدیق کر دی، سابق وفاقی وزیر کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا


راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2023ء) شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھتیجے شیخ راشد شفیق نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، تاہم تاحال یہ معلوم نہیں کہ انہیں کس الزام میں گرفتار کیا گیا، نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ انہیں پولیس کس تھانے لے گئی۔

اس سے قبل بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل کر دیا تھا۔ بدھ کو شیخ رشید کی پولیس اسٹیشن طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، شیخ رشید کے وکیل نے پولیس کے نوٹس اور مقدمہ اندراج کی درخواست پڑھ کر سنائی۔

عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کسی سینئر افسر کو مقرر کریں جو 6 فروری کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست ایس ایس پی آپریشن کے نام کیسے دی جا سکتی ہے؟ مقدمہ اندراج کی درخواست تو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے نام ہوتی ہے۔عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 60 پڑھنے کی ہدایت کی۔شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ اگر مقدمہ درج ہو جاتا تو تفتیش کیلئے پیش ہونے کا نوٹس دیا جا سکتا تھا، نئی روایت بنائی جا رہی ہے کہ پولیس ایف آئی آر درج ہونے سے قبل تفتیش کیلئے بلا رہی ہے، پولیس نے آفیشل اکانٹ سے ٹوئٹ کیا کہ شیخ رشید کو پیش ہونے کیلئے مزید مہلت دی جا رہی ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عدالت نے میرے پولیس طلبی کے نوٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 6 تاریخ کو طلب کر لیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عدالت نے کہا ہے کہ اس طرح کے نوٹس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔



لاہور ( یکم فروری 2023ء) ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے اثرات آنا شروع، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر منفی اثرات مرتب کرنا شروع کر دیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان کا مہینہ آنے والا ہے، اسٹیک ہولڈرز کو خدشہ ہے کہ اگر روپے کی قدر میں کمی اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو درآمدی اشیا اور خام مال کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔

سویا سپریم کے چیف ایگزیکٹیو احمد غلام حسین نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 14 فیصد تنزلی ہوئی اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 35 روپے بڑھنے سے ٹرانسپورٹیشن کی لاگت میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے گھی/کوکنگ آئل کی فی کلوگرام / لیٹر لاگت میں 50 سے 60 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اس میں بجلی اور گیس کی لاگت اور پیکیجنگ کی لاگت میں 50 فیصد اضافے کے اثرات شامل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تاجروں کے پاس ابھی پرانا اسٹاک ہے، یہ اضافہ آنے والے چند ہفتوں میں نظر آئے گا، ایل سیز 230 روپے کے مقابلے میں 270 روپے پر ریٹائر ہو رہی ہیں۔احمد غلام حسین نے کہا کہ خوردنی تیل کی زیادہ قیمتیں کھپت کو کم کر دیں گی کیونکہ بہت سے گھرانوں کی استطاعت محدود ہے۔انہوں نے بتایا کہ پام آئل کی محدود کلیئرنس کی وجہ سے مارکیٹ میں مقامی پام آئل کی قیمتیں 11 سے 12 ہزار روپے سے بڑھ کر 16 ہزار سے 17 ہزار روپے فی 40 کلو گرام تک پہنچ گئیں۔

امجد رشید کے مطابق ہم ڈپٹی گورنر کے ساتھ مارچ کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونے والے رمضان میں تیل/گھی کی کسی بھی سنگین قلت پر قابو پانے کے حوالے سے خوردنی تیل کی کلیئرنس کی راہ ہموار کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔کراچی ریٹیلر گروسر گروپ کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی نے بتایا کہ ہول سیل قیمتوں میں اضافے کے بعد دال کی خوردہ قیمتیں بھی 20 سے 25 روپے فی کلو بڑھ چکی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہول سیلرز نے خبردار کیا ہے کہ یہ صرف شروعات ہے، جب بندرگاہ سے کنٹینر کی کلیئرنس کے بعد دالوں کی مارکیٹ میں فروخت شروع ہوگی تو قیمتوں میں اضافہ صارفین کے لیے کسی صدمے سے کم نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چنے کی دال 20 سے 25 روپے فی کلو اضافے کے بعد معیار کے حساب سے 240 سے 275 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، اسی طرح مونگ کی دال 280 سے 300 روپے، ماش کی دال 400 سے 450 روپے اور مسور کی دال 280 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر قیمتوں پر دباؤ برقرار رہا تو رمضان المبارک کے دوران خوراک کے بحران جیسی صورتحال جنم لے سکتی ہے کیونکہ مقدس مہینے میں چنے کی دال کی طلب عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہو جاتی ہے۔پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد شعیب پراچہ نے کہا کہ روپے کی قدر میں گراوٹ نے درآمد شدہ چائے کی لاگت میں 100 روپے فی کلو سے زیادہ کا اضافہ کر دیا ہے۔


اسلام آباد ( یکم فروری 2022ء) آئی ایم ایف کی شرط پوری، بینکوں کوسرکاری افسران کے اثاثہ جات کی تفصیلات تک رسائی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن و منی لانڈرنگ کا سراغ لگانے کیلئے بینکوں کو گریڈ 17 تا 22 کے سرکاری افسران کے جمع کروائے جانیوالے اثاثہ جات کی تفصیلات تک مشروط رسائی دینے کے رولز جاری کردیے گئے۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

مزکورہ رولز کے میں بتایا گیا کہ بینکوں کو سول سرکاری ملازمین کے ایف بی آر کو جمع کروائے گئے ایسٹ ڈکلیئریشن کی تفصیلات کے حصول کیلئے منی لانڈرنگ ایکٹ 1973میں وضع کردہ کسٹمرز ڈیو ڈیلینس (سی ڈی ڈی) پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ رولز میں مزید بتایا گیا کہ بینکنگ کمپنیوں و بینکوں کی درخواست پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ طے شدہ فیلڈز کی بنیاد پرسول افسران کی جانب سے ایف بی آرکو جمع کروائے گئے۔

ایف بی آر کی جانب سے متعارف کروائے جانیوالے ان رولز کا اطلاق انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن دو کی ذیلی شق 7 کے تحت بینکنگ کمپنیوں کے ساتھ معلومات شیئرنگ کیلئے ہوگا اور ان رولز کا اطلاق گریڈ 17 تا 22 کے سول سرکاری ملازمین سے متعلق معلومات کے تبادلہ (شیئرنگ)کے حوالے سے محدود مقاصد کیلئے ہوگا۔



لاہور( 01 فروری2023ء) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے دیا گیا کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراخیال تھا کہ شہبازشریف ہی استعفے سےمتعلق اعلان کر دیں گے نوازشریف کی جانب سے کیا گیا فیصلہ سب قبول کرتےہیں مستعفی ہونےکی وجوہات بیان کر دی ہیں۔

انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ پارٹی کی جانب سے دیا گیا کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا البتہ الیکشن مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ہی لڑوں گا، مریم نواز کی واپسی کے بعد سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) باجوہ کو پہلی بار توسیع دینےکا بھی مخالف تھا چاہتاہوں ایکسٹینشن دینےکامعاملہ ختم ہونا چاہیے میری رائے تھی کہ ایکسٹینشن کا دباؤ ہے تو حکومت چھوڑدیں اگرہم حکومت میں نہ آتے تو شاہد 3 ہفتے بھی نہ گزر پاتے عمران خان نے ایسےحالات کردیےکہ کوئی ادارہ بات کرنےکو تیار نہیں تھا۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف آرگنائزر مریم نواز نے کی۔اجلاس میں مریم نواز کی تنظیمی دوروں اور شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے پر بات چیت کی گئی۔ مریم نواز نے پارٹی رہنماؤں کو شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان سے جلد ملاقات کروں گی۔مریم نواز نے پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے رہنماؤں سے تجاویز بھی مانگیں۔عمران خان کے بیانیے پر ن لیگ اپنا بیانیہ سامنے لائے گی۔




اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم فروری 2022ء) پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار پر بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں 153 اے، 124 اے اور 505 کی دفعات شامل کی گئی ہیں، یہ دفعات بغاوت، اشتعال انگیزی اور منافرت پھیلانے سے متعلق ہیں۔ شاندانہ گلزار کے خلاف نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداروں کے خلاف اکسانے پر اسلام آباد کے ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو رہائی مل گئی۔ عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، اس حوالے سے اسلام آباد کی سیشن عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی، عدالت نے الیکشن کمیشن، پراسیکیوٹر کی فواد چوہدری کی ضمانت منظور نہ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کی ضمانت منظور کی۔

اس حوالے سے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں فواد چوپدری کیس کی سماعت ہوئی، جہاں بابر اعوان نے فواد چوہدری کے خلاف درج ایف آئی آر پڑھ کر سنائی، بابر اعوان نے بتایا کہ فواد چوہدری پر ریاست کے خلاف نفرت پھیلانے کی دفعہ شامل کی گئی، الیکشن کمیشن ریاست یا حکومت نہیں بلکہ محض ایک اتھارٹی ہے، دفعہ تو قتل کی بھی لگائی جا سکتی ہے لیکن کیس میں لگائی گئی دفعات بنتی ہی نہیں ہیں، اس لیے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

اپنے دلائل میں پی ٹی آئی رہنماء کے وکیل نے کہا کہ بغاوت کی دفعات پر آئینی عدالتوں کے بہت کم فیصلے موجود ہیں، قوم اس بات پر یقین نہیں رکھتی کہ 2 لفظ بولنے پر کسی پر یہ دفعات لگا دی جائیں۔ جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ فواد چوہدری کی آدھی گفتگو تو تنقید کی حد تک ہے، جج نے استفسار کیا کہ عوام اُن کو اُن کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں گے اس کا کیا مطلب ہے؟ اس کے جواب میں بابر اعوان نے جواب دیا کہ یہ ایک محاورہ ہے کہ گھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔

جس پر جج نے کہا کہ فواد چوہدری سینئر وکیل ہیں ان سے لاعلمی کی توقع تو نہیں کی جا سکتی، فواد چوہدری کو اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ وہ ایسی گفتگو دوبارہ نہیں کریں گے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے فواد چوہدری کی ضمانت 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظورکی۔ واضح رہے کہ فواد چوہدری کو بدھ کی صبح الیکشن کمیشن کے حکام کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرنے اور الیکشن کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دینے کے الزام میں لاہور سے ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ اس حوالے سے ان پر مقدمہ اسلام آباد میں درج کیا گیا تھا، اس لیے فواد چوہدری کو لاہور کینٹ کی مقامی عدالت میں پیش کرکے ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا اس کے بعد لاہور کے سروسز ہسپتال میں ان کا طبی معائنہ ہوا بعد ازاں انہیں پولیس کی حراست میں اسلام آباد لے جایا گیا۔





Post a Comment

0 Comments